سید ابن طاؤس ؒ وشیخ کفعمی ؒ نے رسول اللہؐ سے نقل کیا ہے کہ آپ نے فرمایا: جوشخص ماہ رمضان کی آخری رات دس رکعت نماز پڑھے کہ ہر رکعت میں دس مرتبہ سورہ توحید اور رکوع وسجود میں دس دس مرتبہ کہے:
سُبْحَانَ اللہِ وَ الْحَمْدُ لِلہِ وَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَ اللہُ اَکْبَرُ
پاک تر ہے خدا کہ حمد اسی کے لئے ہے اور نہیں کوئی معبود مگر اللہ بزرگ تر ہے۔
نیز ہر دورکعت کے بعد تشہدوسلام پڑھے اور یہ دس رکعت نماز ختم کرکے ہزار مرتبہ استغفار کرے پھر سجدہ میں جائے اور کہے :
یَا حَیُّ یَا قَیُّومُ، یَا ذَا الجَلالِ وَالْاِکرامِ، یَارَحْمانَ الدُّنیا وَ الآخِرَةِ وَ رَحِیمَھُما یَا أَرْحَمَ الرَّاحِمِینَ، یَا إلٰہَ الْاَوَّلِینَ وَالآخِرِینَ،
اے زندہ، اے نگہبان ،اے جلالت اور بزرگی کے مالک ،اے دنیا وآخرت میں رحم کرنے والے اور ان دونوں میں مہربان اے سب سے زیادہ رحم کرنے والے اے اولین و آخرین کے معبود
اِغْفِرْلَنا ذُنُوبَنا وَ تَقَبَّلْ مِنَّا صَلاتَنا وَ صِیامَنا وَ قِیامَنا۔
ہمارے گناہوں کو بخش دے اور ہماری نمازیں ہمارے روزے اور ہماری عبادتیں قبول فرما
آنحضرتؐ نے مزید فرمایا:مجھے اس ذات کے حق کی قسم کہ جس نے مجھے شرف نبوت سے نوازا ہے کہ جبرائیل نے مجھے خبر دی ہے اسرفیل کے ذریعہ اور اسرافیل نے خدا وند عالم سے لیا ہے وہ شخص ابھی سر سجدے سے نہیں اٹھائے گا کہ اس کے ماہ رمضان میں بجالائے ہوئے اعمال قبول کر لیے جائیں گے او ر اس کے تمام گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔
یہ نماز شب عیدالفطر میں بھی پڑھی جاسکتی ہے، لیکن اس روایت کے مطابق رکوع وسجود کے اذکار کی بجائے تسبیحات اربعہ پڑھے اور نماز سے فراغت کے بعد سجدہ میں جاکر جب مذکورہ بالا دعا پڑھے تو اغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا سے وَقِیامَنَا تک کی بجائے یہ کہے
اِغْفِرْ لِی ذُنُوبِی، وتَقَبَّلْ صَوْمِی وَ صَلاتِی وَ قِیامِی
میرے گناہ بخش دے اور میرا روزہ، میری نماز اور میری عبادت قبول فرما