وہ دعائیں پڑھ کر ماہ رمضان کوالوداع کرے کہ جو شیخ کلینی ؒ ، صدوق ؒ ،شیخ مفیدؒ ، طوسی ؒ اور سیدابن طاؤس ؒ نے نقل کی ہیں ۔ شاید ان میں سب سے بہتر صحیفہ کاملہ کی پینتالیسیویں دعا ہے۔
نیز سید ابن طاؤس نے امام جعفر صادق ؑسے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا: جو شخص ماہ رمضان کی آخری رات کو الوداع کرے تو یہ کہے:
اَللّٰھُمَّ لَا تَجْعَلْہُ آخِرَ الْعَھْدِ من صِیامِی لِشَھْرِ رَمَضانَ، وَأَعُوذُ بِکَ أَنْ یَطْلُعَ فَجْرُ ھٰذِہِ اللَّیْلَةِ إلَّا وَقَدْ غَفَرْتَ لِی
اے اللہ! رمضان کے اس مہینے کے روزے میرے لیے آخری روزے قرار نہ دے اور میں پناہ مانگتا ہوں تیری اس سے کہ اس رات کی صبح ہو جائے لیکن تو نے مجھے بخش دیا ہو۔
جوشخص ان کلمات کے کیساتھ ماہ رمضان کوالوداع کرے تو حق تعالیٰ اسے صبح ہونے سے پہلے بخش دے گا اور اس کو توبہ و استغفار کی توفیق عطا کرے گا۔
سید و شیخ صدوق ؒ نے جابر بن عبداللہ انصاری سے روایت کی ہے کہ میں رسول اللہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور وہ دن رمضان مبارک کا آخری جمعہ تھا ۔ جب آنحضرت ؐ کی نظر مجھ پر پڑی تو فرمایا کہ اے جابر! یہ ماہ رمضان کا آخری جمعہ ہے پس ماہ رمضان کو الوداع کرو اور کہو:
اَللّٰھُمَّ لَا تَجْعَلہُ آخِرَ العَھْدِ مِنْ صِیامِنا إیَّاہُ فَإنْ جَعَلْتَہُ فَاجْعَلْنِی مَرْحُوماً وَلَا تَجْعَلْنِی مَحْرُوماً۔
اے اللہ! رمضان کے اس مہینے کے روزے میرے لیے آخری روزے قرار نہ دے پس اگر تو ایسا کرے تو مجھے رحم کیا ہواقرار دے اور رحمت سے محروم کیا ہوا نہ بنا
جوشخض اس دعا کو پڑھے تو یقینًا وہ دوسعادتوں میں سے ایک ضرور حاصل کرتا ہے۔ یعنی وہ آئندہ رمضان کو پائے گا یا خدا کی انتہائی رحمت و بخشش سے ہم کنار ہو کر عالم بقاءمیں راحتی حاصل کرے گا۔