• AA+ A++

دعا کیلئے بعض اوقات حالات اور مقامات کو افضل قرار دینا اس کا معنی ہر گز یہ نہیں ہے کہ باقی اوقات اور مقامات میں دعا قبول نہیں ہوتی اور ان میں رحمت خدا کے دروازے بند ہیں کیونکہ تمام اوقات اور مقامات خدا سے متعلق ہیں اور اس کی مخلوق ہیں جس وقت جس مقام اور جس حالت میں بھی خدا کو پکارا جائے تووہ سنتا ہے اور اپنے بندے کو جواب دیتا ہے لیکن جس طرح خدا نے اپنے بعض انبیاء کو بعض پر فضیلت دی ہے اسی طرح بعض اوقات ومقامات کو بھی بعض پر فضیلت حاصل ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم دعا کے لئے افضل ترین کو انتخاب کریں۔

مفاتیح الجنان اور دیگر کتب دعا میں مفصل طور پر دعا کے مخصوص اوقات اور حالات اور مقامات کو بیان کیا گیا ہے ہم اجمالاً بعض کو ذکر کرتے ہیں۔

١۔ نماز کے بعد

قال الصادق علیہ السلام: إِنَ‏ اللَّهَ‏ فَرَضَ‏ الصَّلَوَاتِ‏ فِي أَفْضَلِ السَّاعَاتِ، عَلَيْكُمْ بِالدُّعَاءِ فِي أَدْبَارِ الصَّلَاة

امام صادقؑ فرماتے ہیں کہ خدا نے نمازوں کو محبوب ترین اور افضل ترین اوقات میں واجب قرار دیا ہے بس تم اپنی حاجات کو واجب نمازوں کے بعد طلب کرو۔
( تفسیرالقمی،ج۱،ص۶۷)

٢۔حالت سجدہ میں

قال الصادق علیہ السلام: ادْعُ وَ أَنْتَ سَاجِدٌ؛ فَإِنَّ أَقْرَبَ‏ مَا يَكُونُ‏ الْعَبْدُ إِلَى اللَّهِ وَ هُوَ سَاجِدٌ، ادْعُ اللَّهَ عَزَّ وَ جَلَّ لِدُنْيَاكَ وَ آخِرَتِكَ

امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ حالت سجدہ میں بندہ اپنے خالق سے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے اس وقت اپنی دنیا اور آخرت کےلیے دعا کرو۔
(اصول ستہ عشر،ص،۱۸۴)

٣۔ قرآن مجید کی ایک سو آیات کی تلاوت کے بعد

قال امیر المومنین علیہ السلام : مَنْ قَرَءَ مِائَةَ آيَةٍ مِنَ الْقُرْآنِ مِنْ اَیِّ الْقُرْآنِ شَاءَ ثُمَّ قَالَ يَااللہُ سَبْعُ مَرَّاتٍ فَلَوْ دَعَا عَلیٰ الْصَخْرَةِ لَقَلَعَھَا اِنْ شَاءَ اللہُ۔

امام علیؑ فرماتے ہیں جو شخص قرآن کی ایک سو آیات پڑھے پھر سات مرتبہ یااللہ کہے اگر وہ پہاڑ کو اپنی جگہ سے اکھاڑنا چاہیے تو ان شاء اللہ اکھاڑ لے گا۔
(وسائل الشیعہ ابواب دعاء باب ٢٣ حدیث ٤)

٤۔سحری کے وقت

قال الصادق علیہ السلام: إِنَ‏ أَفْضَلَ‏ مَا دَعَوْتُمُ‏ اللَّهَ‏ بِالْأَسْحَارِ قَالَ اللَّهُ تَعَالَى‏ وَ بِالْأَسْحارِ هُمْ يَسْتَغْفِرُون‏

امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں:اللہ کو پکارنے کا بہترین وقت سحر کا وقت ہے کیونکہ اللہ تعالی نے قرآن میں فرمایا سحر کے وقت استغفار کرتے کرتے ہیں۔

(قصص الانبیاء للراوندی،ص۱۸۹)

٥۔ رات کی تاریکی میں مخصوصاً طلوع فجر کے قریب۔

٦۔ شب و روز جمعہ

٧۔ ماہ مبارک رمضان ماہ رجب و ماہ شعبان

٨۔شب ھای قدر (شب ١٩،٢١،٢٣،رمضان )

٩۔ماہ رمضان کا آخری عشرہ اور ماہ ذالحجہ کی پہلی دس راتیں۔

١٠۔ عید میلاد پیغمبر اکرمؐ و آئمہ معصومینؑ عید فطر، عید قربان، عید غدیر۔

١١۔بارش کے وقت۔

١٢۔عمرہ کرنے والے کی دعا واپسی کے وقت یا واپسی سے پہلے۔

١٣۔جب اذان ہو رہی ہو۔

١٤ تلاوت قرآن سننے کے وقت۔

١٥ ۔حالت روزہ میں افطار کے وقت یا افطار سے پہلے۔

?