• AA+ A++

hafشیخ جلیل ابن ادریس سرائر میں جامع بزنطی سے نقل کرتے ہیں کہ ابو بصیر کا کہناہے کہ میں نے امام جعفر صادقؑ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ظہرو عصر کے درمیان محمدؐ و آل محمدؐ پر درود بھیجنا ستر رکعت نماز کے برابر ہے۔ جو شخص روز جمعہ عصر کے بعد محمدؐ و آل محمدؐ پر صلوٰت پڑھے تو اسکا ثواب اسے جن و انس کے اس دن کے اعمال کے برابر ملے گا اور وہ صلوٰت یہ ہے

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلی مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ الْاَوْصِیَاءِ الْمَرْضِیِّینَ بِأَفْضَلِ صَلَوَاتِکَ وَبَارِکْ عَلَیْھِمْ بِأَفْضَلِ بَرَکَاتِکَ وَاَلسَّلاَمُ عَلَیْھِمْ وَعَلَی أَرْوَاحِھِمْ وَأَجْسَادِھِمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکاتُہُ

اے معبود! محمدؐ و آل محمدؐ پر رحمت فرما کہ جو تیرے پسندیدہ اوصیاء ہیں اپنی بہترین رحمتوں کے ساتھ اور ان پر برکت نازل فرما اپنی بہترین برکتوں سے اور سلام ہو ان پراور ان کی روحوں پر اور ان کے جسموں پر اور خدا کی رحمتیں اوربرکتیں ہوں

مؤ لف کہتے ہیں : یہ صلوات مشائخِ حدیث کی کتب میں معتبر اسناد اور بہت زیادہ فضائل کیساتھ نقل ہوئی ہے پس اسے دس مرتبہ یا سات مرتبہ پڑھیں تو افضل ہے کیونکہ امام جعفرصادقؑ کا فرمان ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن نماز عصر کے بعد اپنی جگہ سے حرکت کرنے سے قبل مذکورہ بالا صلوات دس مرتبہ پڑھے تو اس جمعہ سے اگلے جمعہ کی اسی ساعت تک ملائکہ اس کیلئے فضل و رحمت طلب کرتے رہیں گے۔ نیز حضرت سے یہ روایت بھی ہوئی ہے کہ روز جمعہ نمازِعصر کے بعد اس صلوات کو سات مرتبہ پڑھو اور کافی میں شیخ کلینیؒ نے روایت کی ہے کہ جب روز جمعہ نماز پڑھ لو تو یہ صلوٰۃ پڑھو:

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلَی مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ الْاَوْصِیَاءِ الْمَرْضِیِّینَ بِأَفْضَلِ صَلَوَاتِکَ وَبَارِکْ عَلَیْھِمْ بِأَفْضَلِ بَرَکَاتِکَ وَاَلسَّلاَمُ عَلَیْہِ وَعَلَیْھِمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکاتُہُ

اے معبود! محمدؐ و آل محمدؐ پر رحمت فرما کہ جو تیرے پسندیدہ اوصیاء ہیں۔ اپنی بہترین رحمتوں کے ساتھ اوران پر برکت نازل فرما اپنی بہترین برکتوں سے اور سلام ہو حضرت محمدؐ پر اور ان سب پراور خدا کی رحمتیں اور برکتیں ہوں

اس میں شک نہیں کہ جو شخص نمازِ عصر کے بعد صلوٰت پڑھے تو خدا اس کو ایک لاکھ نیکی عطا کریگا اسکی ایک لاکھ بدی مٹا دے گا۔ اسکی ایک لاکھ حاجات پوری ہونگی اور ایک لاکھ درجہ بلند کیا جائے گا ۔ نیز یہ روا یت بھی ہے کہ جو شخص سات مرتبہ یہ صلوٰۃ پڑھے تو اسکے لئے تمام انسانوں کی تعداد کے برابر نیکیاں لکھی جائیں گی اور اس روز اس کا عمل مقبول ہوگا اور وہ قیامت کے دن نورانی چہرے کے ساتھ آئے گا۔ علاوہ ازیں اعمال روز عرفہ میں ایک صلوات ہے جو ماہ ذالحجہ میں ﴿ یوم عرفہ کے اعمال میں﴾ ملاحظہ فرمائیں ۔جو شخص اس صلوات کو پڑھے وہ محمدؐ و آل محمدؐ کو مسرور کرے گا

?