• AA+ A++

جمعہ کے دن بیس رکعت نافلہ جمعہ کے علاوہ کہ جنکے پڑھنے کا طریقہ مشہور علماء کے نزدیک یہ ہے کہ چھ رکعت اس وقت پڑھے جب سورج خوب نکل آئے ،پھر چھ رکعت چاشت کے وقت اسکے بعد چھ رکعت زوال کے قریب اور دو رکعت زوال کے بعد فریضہ سے پہلے پڑھے یا یہ کہ پہلی چھ رکعت کو نماز جمعہ یا ظہر کے بعد اس طرح بجالائے جس طرح فقہاء کی کتابوں اور مصابیح میں ذکر ہے۔ اسکے علاوہ اور نمازیں بھی منقول ہیں جنکی تعداد بہت زیادہ ہے اور یہاں ہم ان میں سے چند ایک نمازوں کا ذکر کرتے ہیں ،اگرچہ ان میں سے اکثر نمازیں جمعہ کے دن کیساتھ مخصوص نہیں ہیں۔ لیکن جمعہ کے دن انکی ادائیگی کا ثواب یقینًا زیادہ ہے

پہلی نماز: یہ نماز کاملہ ہے چنانچہ شیخؒ ، سیدؒ ، شہیدؒ ، علامہؒ اور دیگر مشائخؒ نے معتبر سندوں کے ساتھ امام جعفر صادقؑ سے اور انہوں نے اپنے آباء طاہرینؑ سے روایت کی ہے کہ رسول اللہؐ نے فرمایا: جو شخص جمعہ کے دن زوال سے پہلے چاررکعت نماز پڑھے کہ ہر رکعت میں دس مرتبہ سورہ حمد اور آیت الکرسی ، سورۂ کافرون ، سورۂ توحید ، سورۂ فلق اور سورۂ ناس میں سے ہرسورۂ دس مرتبہ پڑھے ایک اور روایت کے مطابق انکے ساتھ سورۂ قدر اور

آیت شَھِدَاللہُ

بھی دس دس مرتبہ پڑھے :

یہ چار رکعت نماز پڑھنے کے بعد سو مرتبہ

اَسْتَغْفِرُاللہَ

پڑھے اور سومرتبہ یہ پڑھے:

سُبْحَانَ اللہِ، وَالْحَمْدُ للہِ وَلاَ إلہَ إلاَّ اللہُ، وَاللہُ أَکْبَرُ، وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ إلاَّ بِاللہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیمِ

پاک ہے خدا اور حمد خدا ہی کے لیے ہے خدا کے سوا کوئی معبود نہیں اور خدا بزرگ تر ہے اور نہیں کوئی قوت وطاقت مگر وہ جو خدائے بزرگ و برتر سے ہے

پھر سو مرتبہ درود پڑھے پس جو شخص اس عمل کو بجالائے تو خدا اسکو اہل آسمان، اہل زمین کے شر اور شیطان کے شر سے نیز ظالم حاکموں کے شر سے بھی محفوظ رکھے گا۔ ﴿روایت میں اسکے اور بھی فوائد اور فضیلتیں ذکر ہوئی ہیں﴾

دوسری نماز: حارث ہمدانی نے امیرالمومنینؑ سے روایت کی کہ اگر ممکن ہو تو جمعہ کے دن دس رکعت نماز پڑھے اور رکوع وسجود اچھی طرح بجا لائے ۔ اس دوران میں ہر رکعت کے بعد سومرتبہ

سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہِ

پڑھے، اس نماز کی بھی بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے

تیسری نماز: معتبر سند کے ساتھ امام جعفر صادقؑ سے منقول ہے کہ جمعہ کے دن دو رکعت نماز پڑھے کہ جسکی پہلی رکعت میں سورۂ ابراہیم اور دوسری رکعت میں سورۂ حجر کی تلاوت کرے،پس وہ پریشانی ودیوانگی بلکہ ہر بلا و آفت سے محفوظ رہے گا

?