• AA+ A++

اس فصل میں حضرت رسول اللہ(ص) اور ائمہ کے ناموں کے ساتھ ایام ہفتہ کے تعیّن اور انکی زیارتوں کا تذکرہ ہے۔ سید ابن طاؤوس جمال الاسبوع میں لکھتے ہیں کہ ابن بابویہ صقرابن ابی دلف سے روایت کرتے ہیں کہ جب متو کل نے امام علی نقیؑ  کو سامرا میں طلب کیا تو ایک روز میں وہاں گیا تاکہ امام سے ملاقات کا شرف حاصل کروں۔ اس وقت آپ متوکل کے نگہبان زراقی کے ہاں محبوس تھے ، میں اس کے پاس پہنچا تو اس نے پو چھا کیسے آنا ہوا؟ میں نے کہا: آپکی ملا قات کے لئے آیا ہوں ، میں وہاں بیٹھا رہا اور ادھر اُدھر کی باتیں ہوتی رہیں۔ پھر جب عام لوگ چلے گئے اور تنہائی ہوئی تو اس نے مجھ سے دوبارہ پو چھا: کیسے آئے ہو؟ میں نے کہا: آپکی ملاقا ت کو آیا ہوں! اس نے کہا: گو یا تم اپنے مولا (ع) کی خبر لینے آئے ہو، میں نے ڈرتے ڈرتے کہا: میرا مولا تو خلیفہ ہی ہے۔ وہ زور دے کر کہنے لگا: خاموش رہو کہ تمہارے مولا برحق ہیں اور خود میں بھی انہی کا معتقد ہوں۔ میں نے کہا:

اَلْحَمْدُ لِلہِ!

وہ بولا:آیا تم اپنے مولا (ع) کی خدمت میں حاضر ہونا چاہتے ہو؟ میں نے کہا: ہاں! اس نے کہا: تھوڑی دیر بیٹھو کہ ہرکارہ یہاں سے ہو کر چلا جائے چنانچہ جب ہر کارہ سرکاری ڈاک دے کر چلا گیا تو اس نے ایک لڑکے کو میرے ساتھ کر دیا کہ وہ مجھے امام کی خدمت میں لے جائے۔ جب میں مولا (ع) کے پاس پہنچا تو کیا دیکھا کہ آپ چٹائی پر تشریف فرما ہیں اور برابر میں قبر موجود ہے ۔میں نے سلام کیا آپ نے جواب ِسلام دیا اور فرمایا کہ بیٹھ جاؤ! پھر پوچھا کہ کیوں آئے ہو؟ عرض کی کہ آپکی خیریت معلوم کرنے آیا ہوں۔ جب میری نظر اس قبر پر پڑی تو میں اپنا گریہ ضبط نہ کر سکا، آپ نے فرمایا کہ گریہ نہ کرو اس وقت مجھے ان سے کوئی مصیبت نہ پہنچے گی،میں نے کہا :

اَلْحَمْدُ لِلہِ!

میں نے عرض کی: اے میرے سید و سردار! حضرت رسول کی حدیث ہے،جس کا مطلب میں سمجھ نہیں سکا۔ فرمایا کونسی حدیث ہے؟ میں نے عرض کی۔ لا تعادو الایام فتعا دیکم یعنی دنوں سے دشمنی نہ کرو ورنہ وہ تمہارے دشمن ہو جائیں گے۔  فرمایا کہ جب تک زمین و آسمان قائم ہیں، اس میں ایام  سے مراد ہم ہیں۔ ہفتہ: حضرت رسول اورآپکے اسم گرامی سے متعلق ہے۔ اتوار: امیرالمومنین علیه السلام  کا نام نامی ہے۔ ﴿آپ کے اسم گرامی سے متعلق ہے﴾پیر: حسن و حسین علیه السلام کا نام ہے۔﴿ان کے اسماء گرامی سے متعلق ہے﴾ منگل: علی بن الحسینؑ ، محمد ابن علیؑ اور جعفر ابن محمدؑ کا نام ہے۔﴿انکے اسما گرامی سے متعلق ہے﴾ بدھ: موسی ابن جعفرؑ، علی ابن موسیؑ ، محمد ابن علیؑ کا اور میرا نام ہے۔ ﴿ان کے اسماء گرامی سے متعلق ہے﴾ جمعرات: اس سے مراد میرا فرزند حسن عسکریؑ ہے۔ ﴿یعنی ان کے اسم گرامی سے متعلق ہے﴾ جمعہ: اس سے مراد میرے فرزند حسن عسکریؑ کا وہ بیٹا ہے جس کے ہاں تمام اہل حق جمع ہوں گے۔ یہ ہیں ایا م کے معنی پس ان سے دنیا میں دشمنی نہ کرو ورنہ آخرت میں یہ تمہارے دشمن ہوں گے۔ پھر فرمایا کہ الوداع کر کے چلے جاؤ کیونکہ میں تمہارے بارے میں مطمئن نہیں ہوں اور ڈرتا ہوں کہ تمہیں اذیت نہ پہنچے۔ سید نے یہ حدیث ایک دوسری سند کے ساتھ قطب راوندی سے بھی نقل کی ہے اس کے بعد فرمایا کہ روز شنبہ﴿ہفتہ﴾ میں حضرت رسول اکرم کی زیارت ہے۔

?