• AA+ A++

استغفار اور صدقہ

رسول اللہؐ سے مروی ہے کہ جو شخص ماہ رجب میں سو مرتبہ کہے:

اَسْتَغْفِرُاللہ الَّذِیْ لَا إلٰہَ اِلَّاھُوَ وَحْدَہُ لَا شَرِیکَ لَہُ و اَتُوْبُ اِلَیْہَ

بخشش چاہتا ہوں اللہ سے کہ جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ یگانہ ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور میں اس کے حضور توبہ کرتا ہوں۔

اور اس کے بعد صدقہ دے تو حق تعالیٰ اس پر اپنی تمام تر رحمت و مغفرت نازل کرے گا اور جو اسے چار سو مرتبہ پڑھے گا تو خدا اسے سو شہیدوں کا اجر دے گا۔

روایت ہوئی ہے کہ جو شخص رجب کے مہینے میں صبح شام ستر، ستر مرتبہ

اَسْتَغْفِرُ اللہ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہَ

پڑھے اور پھر اپنے ہاتھوں کو بلند کرکے

اَلَّلھُمَّ اغْفَرْلِیْ وَ تُبْ عَلَیَّ

بخشش چاہتا ہوں اور اسی کے حضور توبہ کرتا ہوں اے معبود! مجھے بخش دے اور توبہ قبول کر لے

کہے تو اگر وہ اس مہینے میں مر جائے تو حق تعالیٰ اس ماہ کی برکت سے اس پر راضی ہوگا اور آتش جہنم اسے نہ چھوئے گی۔

رجب کے پورے مہینے میں ہزار مرتبہ پڑھے تاکہ حق تعالیٰ اس کو بخش دے۔

اَسْتَغْفِرُ اللہ ذَا الْجَلَالِ وَ الْاِکْرَامِ مِنْ جَمِیْعِ الذَّنُوْبِ وَ الْآثَامِ

بخشش چاہتا ہوں خدا سے جو صاحب جلالت و بزرگی ہے اپنے تمام گناہوں اور خطاؤں پر طالب عفو ہوں۔

زیارت امام حسینؑ پڑھے۔

تسبیح ہزار مرتبہ

رسول اللہؐ سے روایت ہوئی کہ ماہ رجب میں جو شخص ہزار مرتبہ

لَااِلٰہَ اِلَّااللہ

کہے تو حق تعالیٰ اس کیلئے ہزار نیکیاں لکھے گا اور جنت میں اس کیلئے سو شہر بنائیگا۔

جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کے دن روزہ رکھنے کی فضیلت

رجب کے مہینے میں تین دن یعنی جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو روزہ رکھے کیونکہ روایت ہوئی ہے کہ جو محترم مہینوں کے ان دنوں میں روزہ رکھے تو حق تعالیٰ اس کو نو سوبرس کی عبادت کا ثواب عطا فرمائے گا ۔

سورہ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

سید نے اقبال میں رسول اللہ ؐسے نقل کیا ہے کہ ماہ رجب میں سورہ اخلاص کے دس ہزار مرتبہ یا ایک ہزار مرتبہ یا ایک سو مرتبہ پڑھنے کی بہت زیادہ فضیلت ہے ۔

نیز یہ روایت بھی ہے کہ ماہ رجب میں جمعہ کے روز جو شخص سو مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے تو قیامت میں اس کیلئے ایک خاص نور ہوگا جو اسے جنت کی طرف لے جائے گا ۔

سورہ حمد، آیۃ الکرسی، سورہ کافرون، سورہ فلق اور سورہ ناس پڑھنے کی فضیلت

علامہ مجلسیؒ نے زاد المعاد میں ذکر فرمایا کہ مولا امیرؑ سے نقل کیا گیا ہے کہ رسولؐ خدا نے فرمایا ہے کہ جو شخص رجب، شعبان اور رمضان کی ہر رات اور دن میں سورہ حمد، آیۃ الکرسی، سورہ کافرون، سورہ فلق اور سورہ ناس میں سے ہر ایک تین تین مرتبہ پڑھے اور پھر تین مرتبہ کہے :

سُبْحَانَ اللہِ ، وَالْحَمْدُ للہِ وَلَا اِلہَ اِلَّا اللہُ، وَاللہُ أَکْبَرُ، وَلَا حَوْلَ وَلَاقُوَّةَ إلَّا بِاللہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیمِ

خدا پاک ہے اور حمد اسی کیلئے ہے خدا کے سوا کوئی معبود نہیں اور اللہ بزرگ تر ہے اور نہیں کوئی طاقت و قوت مگر وہ جو بلند و بزرگ خدا سے ہے

تین مرتبہ کہے:

اَللَّھُمَّ صَلِّ عَلی مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ۔اَلَّلھُمَّ اغْفِرْ لِلْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤمِنَاتِ

اے معبود ! محمد ؐ و آل محمد ؑ پر رحمت نازل فرما اے معبود! مومن مردوں اور مومن عورتوں کو بخش دے

اور چارسو مرتبہ کہے:

اَسْتَغْفر اللہ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہِ

میں خدا سے بخشش چاہتا ہوں اور اسی کی طرف پلٹتا ہوں

پس خدا تعالیٰ اس کے گناہ بخش دے گا چاہے وہ بارش کے قطروں، درختوں کے پتوں اور دریاؤں کی جھاگ جتنے ہی کیوں نہ ہوں۔

نیز علامہ مجلسی ؒ فرماتے ہیں کہ اس مہینے کی ہر رات میں ہزار مرتبہ

لَا إلہَ إلَّااللہُ

کہنا بھی نقل ہوا ہے ۔

دو رکعت نماز

حضرت رسولؐ اللہ سے روایت کی گئی ہے کہ جو شخص رجب کے مہینے کی ایک رات میں دو رکعت نماز ادا کرے کہ اس میں سو مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے تو وہ ایسے ہے کہ جیسے اس نے حق تعالیٰ کیلئے سو سال کے روزہ رکھے ہوں ۔ پس اللہ تعالیٰ اس کو بہشت میں ایسے سو محلات عنایت کرے گا کہ جن میں سے ہر ایک کسی نہ کسی نبی ؐکی ہمسائیگی میں واقع ہوگا۔

چار رکعت نماز

سید نے روایت نقل کی ہے کہ جو شخص ماہ رجب میں ایک دن روزہ رکھے اور چار رکعت نماز ادا کرے کہ جس کی پہلی رکعت میں الحمد کے بعد سو مرتبہ آیۃ الکرسی اور دوسری رکعت میں الحمد کے بعد دو سو مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے تو وہ شخص مرنے سے پہلے جنت میں اپنا مقام خود دیکھ لے گا۔ یا اسے جنت میں اس کا مقام دکھایا جائے گا۔

دس رکعت نماز

حضرت رسولؐ اللہ سے مروی ہے کہ جو شخص ماہ رجب کی ایک رات میں دس رکعت نماز پڑھے کہ جس کی ہر رکعت میں سورہ فاتحہ و سورہ کافرون ایک ایک مرتبہ اور سورہ قل ھو اللہ تین مرتبہ پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس کا ہر وہ گناہ بخش دے گا جو اس نے کیا ہو گا۔

زیارت امام رضاؑ اورعمرہ ادا کرنے کی فضیلت

یاد رہے کہ ماہ رجب میں امام علی رضا ؑکی زیارت کو جانا مستحب ہے، جیساکہ اس ماہ میں عمرہ ادا کرنے کی بھی زیادہ فضیلت ہے اور عمرہ کی فضیلت حج کے قریب قریب ہے روایت ہوئی ہے کہ امام زین العابدین ؑماہ رجب میں عمرہ ادا فرماتے، خانہ کعبہ میں نمازیں پڑھتے شب و روز سجدے میں رہتے اور سجدے میں یہ کلمات ادا فرماتے۔

عَظُمَ الذَّنْبُ مِنْ عَبْدِکَ فُلْیَحْسُنِ الْعَفْوُ مَنْ عِنْدِکَ

تیرے بندے کا گناہ بہت بڑا ہے پس تیری طرف سے در گزر بھی خوب ہونی چاہیئے۔

?